مکہ کلاک ٹاور پر بجلی کڑکنے کا دلکش منظر کی ویڈیووائرل، دیکھنے والے حیران

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں خراب موسم اور شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی کلاک ٹاور سے ٹکرانے کا حیرت انگیز اور دلکش منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیز رفتار سے وائرل ہو رہی ہے۔

رات کے تاریک سائے میں جب طاقتور آسمانی بجلی کلاک ٹاور کے نچلے اور بالائی حصے سے ٹکرائی تو اس چمک نے پورے علاقے کو منور کر دیا، جس کی وجہ سے مکہ ٹاور میلوں دور سے واضح دکھائی دینے لگا۔

اس روح پرور اور حیران کن منظر کو دیکھ کر دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین دنگ رہ گئے ہیں اور ویڈیو کو کثرت سے شیئر اور پسند کیا جا رہا ہے۔

سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ مکرمہ اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ بارش اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کچھ مقامات پر سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ مختلف شہروں جیسے طائف میں بھی تیز بارش اور بجلی کڑکنے کے واقعات سامنے آئے۔ خراب موسم کے باوجود زائرین کا طواف کا سلسلہ جاری رہا اور انتظامیہ نے تمام تر ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

Comments (0)
Add Comment