آزاد کشمیرانتخابات: پیپلز پارٹی نےن لیگ پر دھاندلی کا الزام لگادیا

آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو باقاعدہ تحریری شکایت درج کروا دی ہے۔

پی پی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایل اے 32 کے پولنگ اسٹیشن 24 پر ن لیگ کے کارکنان خود بیلٹ پیپرز پر مہریں لگا رہے ہیں، جس سے انتخابی عمل کی شفافیت شدید متاثر ہو رہی ہے اور یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے ساتھ سرکاری ملازمین کے قواعد کی بھی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پولنگ اسٹیشن پر جاری غیر قانونی سرگرمی کو فوری طور پر روکا جائے، متعلقہ بیلٹ پیپرز کو تحویل میں لیا جائے اور پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دینے والے سرکاری ملازم کو فوری ہٹا کر ذمہ داروں خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ سردار عبدالشکور نے اپنی شکایت میں نشاندہی کی کہ ایل اے 34 میں امیدوار کرنل (ر) قدیر کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز پر بیٹھنے سے روکا جا رہا ہے، جس پر الیکشن کمیشن فوری مداخلت کر کے ایجنٹس کو بیٹھنے کی اجازت دلائے۔

Comments (0)
Add Comment