چترال میں گلیشیئر پھٹنے، کلاوڈ برسٹ اور موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے لوئر اور اپر چترال میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔
سیلابی ریلوں کے باعث بروز گول، گمبس گول، غیرت گول، شیشکوہ، کریم آباد، ریشن، بونی، مستوج اور دیگر علاقوں میں متعدد پل، سڑکیں، مکانات، دکانیں اور بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے، جبکہ کئی دکانوں کا سامان اور درجنوں گاڑیاں بہہ گئی ہیں۔
سیلابی حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ غیرت گول میں بننے والی سیلابی جھیل کے باعث دروش کا علاقہ سید آباد شدید خطرے کی زد میں ہے۔
بروز گول میں چترال-پشاور شاہراہ اور انٹرنیٹ سروسز کو بائیس گھنٹوں بعد بحال کر دیا گیا ہے، تاہم اپر اور لوئر چترال کا زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی رابطے کی سڑکیں بند ہیں۔