سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خضدار کے علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد علاقے میں تین مختلف گروہوں کی صورت میں روپوش تھے۔ فورسز کی پیش قدمی کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کی، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے اور سکیورٹی فورسز نے ان کے متعدد ٹھکانے مکمل طور پر کلیئر کر دیے ہیں۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دیگر عناصر کا تعاقب کیا جا سکے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔