خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور شدید سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 12 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو چکے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ سے شدید حادثات اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس میں اب تک کل 18 مکانات متاثر ہوئے ہیں؛ جن میں سے 15 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نوشہرہ، خیبر، مردان اور بونیر شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ باجوڑ، چترال، لوئر دیر، ہزارہ ڈویژن، کرم اور شمالی وزیرستان میں بھی حادثات پیش آئے۔ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو متاثرہ اضلاع میں جلد از جلد امدادی سامان کی فراہم یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔