لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا (ہلالِ امتیاز ملٹری، ستارہ بسالت) کو ترقی اور نئی تقرری پر مبارکباد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کرنے والے جنرل عامر رضا کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں، جبکہ انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔
جنوری 2025 میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر تعینات ہونے سے قبل وہ کمانڈر 4 کور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔