کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم “جماعت الاحرار” کے خوارج نے بزدلانہ حملہ کیا ہے، جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دہشتگردوں نے رینجرز کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم وہاں تعینات مستعد اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک افغان دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس بہادرانہ مقابلے میں پاکستان رینجرز کے 3 جوان بھی جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واقعے کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم کی حفاظت کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور پاکستان اپنے جوانوں کے خون کا بدلہ لینے کے لیے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ “عزمِ استحکام وژن” کے تحت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں رینجرز کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے اس دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی رینجرز کیمپ پر حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی سمیت زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔