ہاکی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دے کر ایونٹ کے دوسرے مرحلے سے باہر کر دیا۔ ایمسٹلوین میں کھیلے گئے اس اہم میچ کے پہلے کوارٹر میں بھارت نے جارہانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 کی برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے کوارٹر میں مزید ایک گول داغ کر اسکور 0-3 کر دیا۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم نے شاندار واپسی کا مظاہرہ کیا اور حنان شاہد کے دو جبکہ سفیان خان کے ایک گول کی بدولت اسکور کا فرق کم کرنے کی کوشش کی، تاہم بھارت نے مزید دو گول اسکور کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور بالآخر 3-5 سے فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے دو اور سفیان خان نے ایک گول اسکور کیا۔ آٹھ سال کے طویل عرصے بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم پورے ایونٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کو 1-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ویلز کے خلاف میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔ گروپ مرحلے میں صرف ایک پوائنٹ حاصل کرنے کے باعث پاکستانی ٹیم ایونٹ کے اگلے مرحلے کی ڈور سے باہر ہوگئی۔