ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دو روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے

 امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

بیجنگ ایئرپورٹ پر امریکی صدر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق بیجنگ ایئرپورٹ پر چینی نائب صدر  نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چین میں امریکی سفیر، امریکا میں چینی سفیر اور چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ ما ژاؤشو بھی موجود تھے۔

امریکی صدر کے استقبال کے لیے تقریباً 300 چینی نوجوان بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے، جنہوں نے ہاتھوں میں امریکی اور چینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ استقبالی تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

ٹرمپ کے ساتھ ان کے سرکاری جہاز میں آنے والوں میں ان کے بیٹے ایرک ٹرمپ،  ان کی بہو لارا ٹرمپ اور  ایلون مسک بھی شامل تھے۔

چینی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ  سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، عالمی سلامتی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بیجنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایران جنگ سمیت اہم عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چین پر زور دیں گے کہ وہ امریکی منڈیوں کے لیے مزید رسائی اور تجارتی مواقع فراہم کرے۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے صدور دوطرفہ تعلقات، عالمی امن، اقتصادی تعاون اور ترقی سے متعلق اہم امور پر گفتگو کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین امریکا کے ساتھ برابری، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ دورہ امریکا اور چین کے تعلقات میں نئی پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی تجارت، خطے کی کشیدہ صورتحال اور ایران سے متعلق معاملات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment