حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں انتظامی سطح پر غیر معمولی تبدیلیاں کرتے ہوئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سمیت متعدد اعلیٰ افسران کے تبادلے کر دیے ہیں۔ جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ان کی جگہ فیصل آباد کے ڈی سی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو نیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس ڈپارٹمنٹ میں بھی بڑا ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کو عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان کی جگہ حسن مشتاق سکھیرا کو نیا سی پی او مقرر کیا گیا ہے جو اس سے قبل لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز سی ٹی ڈی کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ انتظامی ردوبدل کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہریار شیرازی کی جگہ کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کا تبادلہ کر کے محمد اختر کو نیا اے سی صدر مقرر کیا گیا ہے۔