برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے 983 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا لاہور میں آغاز ہو گیا ہے۔
تقریبات کا باقاعدہ افتتاح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزار شریف پر چادر پوشی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کی دعا کر کے کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراء اور محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ عرس کے دوران دربار پر عبادات، دعاؤں اور روحانی محافل کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ زائرین کے لیے وسیع پیمانے پر لنگر اور دودھ کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
لاکھوں زائرین کی آمد کے پیش نظر 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ٹریفک، صفائی اور طبی سہولیات کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔