امریکا پاکستان کا اہم تجارتی شریک، حجم 8 ارب ڈالر سے بڑھ گیا: نیٹلی بیکر

اسلام آباد: پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے لاہور کا دو روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے دورے کے دوران انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اعلیٰ حکام کے علاوہ نجی شعبے کے نمایندوں، تکنیکی ماہرین اور طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

نیٹلی بیکر نے بتایا کہ سال 2025 میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 8 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے اور امریکا گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اہم سرمایہ کار رہا ہے۔

انہوں نے نجی شعبے کی شراکت داری، اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنالوجی کی جدت طرازی کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے نیٹ سول ٹیکنالوجیز، کوڈ ننجا اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے اداروں کا دورہ کر کے ڈیجیٹل سروسز اور تعلیمی شراکت داری کے مواقع کا جائزہ بھی لیا۔

Comments (0)
Add Comment