کراچی: یومِ شہدائے سندھ پولیس کے موقع پر ۵ کلومیٹر طویل واک اور ریس کا انعقاد، ہزاروں شہریوں نے شرکت کی
شہرِ قائد میں یومِ شہدائے سندھ پولیس کے موقع پر ساحلِ سمندر (سی ویو) پر 5 کلومیٹر طویل ریس اور واک کا پروقار انعقاد کیا گیا، جس میں مرد و خواتین، بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے5 ہزار سے زائد شہریوں نے انتہائی جوش و خروش سے شرکت کی۔
اس تقریب کا بنیادی مقصد سندھ پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، عوام میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا اور پولیس و عوام کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
ریس میں حصہ لینے والے شرکاء نے شہدائے پولیس کے جذبے اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس قسم کی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیا۔ انتظامیہ کی جانب سے ایونٹ کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔