خطے کے ممالک امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کریں: ایرانی فوج

ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر اور خاتم الانبیا بریگیڈ کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی ایران کے خلاف معاندانہ کارروائیاں پورے خطے کو ایک وسیع اور خطرناک جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔

انہوں نے خطے کے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ اپنے تعاون اور وابستگی پر فوری نظرثانی کریں کیونکہ امریکا اپنی کمزور ہوتی عسکری طاقت کو سہارا دینے کے لیے خطے کے ممالک کے وسائل، بنیادی ڈھانچے اور دولت کا استعمال کر رہا ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا کہ جو بھی ملک امریکی اقدامات کے لیے دفاعی ڈھال بنے گا وہ اس جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے، اس لیے تمام علاقائی ممالک کو اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے چاہئیں۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو متنبہ کیا کہ جارحیت کر کے بھاگنے کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور غلط اندازے لگا کر کی جانے والی کسی بھی کارروائی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی فوج کے پاس اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کی کامل صلاحیت اور ارادہ موجود ہے اور اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا کی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی کی تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس پر ایران نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی حملے کی صورت میں اس کا ردعمل محدود نہیں ہوگا اور خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment