ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.28 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 9.29 فیصد ہوگئی

اسلام آباد سے ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.29 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

ہفتہ وار بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 10.14 فیصد، چکن میں 9.19 فیصد، دال چنا میں 2.43 فیصد، مرچ پاؤڈر میں 1.01 فیصد، گھی و خوردنی تیل میں 0.99 فیصد، چائے کی پتی میں 0.57 فیصد اور گندم کے آٹے میں 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ٹماٹر 6.82 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، ڈیزل 1.66 فیصد، پٹرول 0.63 فیصد، کیلے 1.20 فیصد، چینی 0.51 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 0.29 فیصد سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر، پیاز، گندم کا آٹا، ایل پی جی، ڈیزل اور پٹرول مہنگے ہوئے جبکہ آلو، دال چنا، چینی، چکن، نمک پاؤڈر، دال مسور، انڈے اور دال مونگ کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment