تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے قومی معیشت اور ترقی کے لیے سب سے بڑا چیلنج گردانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ آبادی کے توازن اور بہبود کے لیے متعلقہ اداروں کا اعلیٰ سطحی اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے۔

اسلام آباد میں ملک میں بہبودِ آبادی کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ قومی وسائل پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے، جس پر قابو پانا اور اس میں توازن پیدا کرنا اب کسی ایک ادارے کا نہیں بلکہ ایک ‘قومی فریضہ’ بن چکا ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ‘نیشنل پاپولیشن کونسل’ کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی اور معاشی استحکام کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی کی منصوبہ بندی (فیملی پلاننگ) کو ملک کی مجموعی معاشی پالیسیوں اور ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہبودِ آبادی کے حوالے سے اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور بہتر ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے عوامی آگاہی کو بنیادی ہتھیار قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آبادی پر قابو پانے کے فوائد سے عوام کو آراستہ کرنے کے لیے ملک گیر سطح پر ایک مؤثر اور اثر انگیز آگہی مہم چلائی جائے۔

Comments (0)
Add Comment