نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیشِ نظر گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے۔
تیز رفتاری سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم سمیت چترال، سوات، کوہستان اور مانسہرہ جیسے علاقوں میں خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور دیگر ملحقہ علاقوں میں شہری سیلاب جبکہ پہاڑی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی اُمڈ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، حساس ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور مقامی انتظامیہ کو انخلا کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے 911 پر رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔