اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پمز اسپتال سے طبی معائنے کے بعد واپس شدید سکیورٹی کے حصار میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
جیل اور اسپتال ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو نصف شب کے وقت اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لایا گیا تھا، جہاں 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے صحت مند قرار دیے جانے پر انہیں دوبارہ جیل کے متعلقہ سیل میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی بانی پی ٹی آئی کی طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل واپسی کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب جمعرات کی صبح سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی نظر ثانی درخواست پر اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا، جبکہ حکومتی رہنماؤں کی جانب سے قانونی اور عدالتی معاملات کے جلد واضح ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔