پنجاب میں بارشوں کا نیا اسپیل 19 جولائی سے شروع ہوگا

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا ہے، جس کے تحت 19 سے 24 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس اسپیل کے دوران کم وقت میں زیادہ بارش ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا شدید خطرہ موجود ہے۔

شدید بارشوں کی وجہ سے سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جبکہ مری، گلیات اور نالہ لئی کے برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی، طوفان یا آسمانی بجلی گرنے کی صورت میں کھلے علاقوں کے بجائے محفوظ مقامات پر رہیں۔

اس کے علاوہ والدین کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ برساتی پانی، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment