پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے لازمی فوڈ واؤچر متعارف، پیکیج مہنگا ہونے کا خدشہ

سعودی عرب نے پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کے لیے یومیہ تقریباً 20 سعودی ریال مالیت کے لازمی ‘نسک’ فوڈ واؤچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس نئی پالیسی کا اطلاق یکم ربیع الاول سے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر سے آنے والے زائرین پر ہوگا۔

اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو معیاری و منظم کھانے کی سہولت فراہم کرنا اور غیر رجسٹرڈ خدمات کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

اس سلسلے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار ریسٹورنٹس کو نسک ایپ سے منسلک کر دیا گیا ہے، اور ہر زائر کو ویزا سے منسلک ایک منفرد کوڈ فراہم کیا جائے گا جس کی مدد سے منظور شدہ مقامات سے کھانا حاصل کیا جا سکے گا۔

اس نئی شرط کے باعث عمرہ پیکجز کے مجموعی اخراجات میں اضافہ متوقع ہے، جس کی وجہ سے مختلف ممالک کے ٹریول ایجنٹس اپنے پیکجز اور نرخوں کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment