وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ بالکل واضح ہے، جبکہ افغان حکومت بھی دہشت گردوں کو اپنے علاقے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا جبکہ آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے، اور اس کی قیادت نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر وفاق کی حمایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں اور مستونگ میں سیشن جج کے قتل جیسے واقعات کے باوجود بلوچستان کے عوام کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا تھا مگر ایک منظم سازش کے تحت یہ ناسور دوبارہ لایا گیا، جس کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے چاروں صوبوں کی یکساں کاوشیں شامل ہیں اور پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔