اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے ایک اہم فریضہ ہے اور پاکستان اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا سہ فریقی دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا یہ معاہدہ کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت یا محاذ آرائی کے لیے نہیں بلکہ خطے کے استحکام اور تینوں برادر ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دیرینہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کاوش ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، جن کی بدولت ملک سے اس ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی، امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی کو بھی لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آزاد کشمیر کے پہلے دو مراحل کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ حکومت وہاں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھے گی۔