منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز کے مزید 13 بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

اسپیشل کورٹ سنٹرل لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کے نیشنل بینک میں موجود مزید 13 اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

اسپیشل کورٹ کے جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں سلیمان شہباز کے شناختی کارڈ پر کھولی گئی شوگر ملز سمیت دیگر کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ العربیہ شوگرملز، رمضان شوگرملز، چنیوٹ پاورلمیٹڈ، شریف فیڈ ملز، یونی ٹاس اسٹیل کے اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ بینکوں کو اشتہاری ملزمان کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا واضح حکم دیا تھا اور اس متعلق تفتیشی افسر نے بھی بینک کو آگاہ کیا تھا، اس کے باوجود بینکوں کے افسران عدالتی حکم پر عملدر آمد میں ناکام رہے، اکاؤنٹس مجمند کرنے کی بجائے بینکوں نے ملزم کے اکاؤنٹس کی تفصیلات دیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر کیوں نہ بینکوں کے افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔

عدالت کی جانب سے بینک افسران کو 17 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment