پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ کی بطوروزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلےکی توثیق کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ کورکمیٹی نے پرویزالہیٰ کی بطوروزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلےکی توثیق کی۔
اجلاس میں سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کے انتخابات سے متعلق حکمت عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان نے شدید دباؤ کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمہ داران اور کارکنان کو شاباشی دی اور ووٹرزخصوصاً خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔