سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) پہنچے تاہم انہیں شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
عمران خان کی آمد کے موقع پر پمز اسپتال میں سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی تھی اورسابق وزیراعظم کارڈیالوجی وارڈ کے باہر ملاقات کیلئے اپنی گاڑی میں ہی انتظار کرتے رہے۔
تاہم پولیس کی جانب سے انہیں شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی اور عدالت سے اجازت حاصل کرنے کا کہا گیا۔
پمز ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ عدالت کے حکم کے باوجود پولیس نے ہمارا راستہ روکا، پولیس نے مجھے شہباز گل سے ملاقات نہیں کرنے دی، پولیس بتائے وہ کس سے آرڈرلے رہی ہے، بتایا جائے ملک میں قانون یا ڈنڈے کی حکمرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل شہبازگل کے لیے ملک گیر ریلی نکالیں گے، اسلام آباد کے لوگوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، شہبازگل پر اگر ٹارچر ہو سکتا ہے تو کسی پر بھی ہوسکتا ہے، کل مغرب کے وقت ریلی نکالی جائے گی۔ میڈیا کا منہ بند کرکے چوروں کومسلط کیا جارہا ہے، ہم ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے۔