سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کھلونے بیچنے والا بچہ جاں بحق

کراچی کے علاقے کلفٹن میں کھلونے بیچنے والا 8 سالہ بچہ مبینہ طور پر نجی سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔

بوٹ بیسن تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نصیر تنولی کے مطابق  بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب سیکیورٹی گارڈ جان محمد کے ’حادثاتی فائر‘ سے مبینہ طور پر محمد عمر جاں بحق ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچہ علاقے میں کھلونے بیچ رہا تھا۔

نصیر تنولی نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی گارڈ زخمی لڑکے کو موٹرسائیکل پر قریبی ضیا الدین ہسپتال لے کر گیا لیکن 8 سال کا لڑکا ہسپتال پہنچے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ لڑکے کو اسی علاقے میں ریلوے کی پٹری کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ لڑکے کے والد کی شکایت پر پولیس نے جان محمد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق شکایت کنندہ خادم حسین نے بتایا کہ وہ رکشہ چلا کر گزر بسر کرتا ہے اور اس کا تعلق روہڑی سکھر سے ہے، وہ ڈیفنس میں تھا جب اس کے بڑے بیٹے نے اطلاع دی کہ محمد عمر مبینہ طور پر ریسٹورینٹ کے سیکیورٹی گارڈ نے گولی مار دی۔

خادم حسین نے بتایا کہ وہ فوری طور پر اپنی اہلیہ اور بڑے بیٹے کے ہمراہ موقع پر پہنچے لیکن محمد عمر کا کوئی اتا پتا نہیں تھا، ریسٹورینٹ میں بیٹھے دو افراد جیکسن پولیس اسٹیشن لے گئے جہاں پر لڑکے کی لاش ایمبولینس میں تھی۔

دوسری جانب، ترجمان کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے پولیس کو فوری طور پر ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

Comments (0)
Add Comment