چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتاری سے نہیں ڈرتا حکومت گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لیں ہم تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاری سے نہیں ڈرتا حکومت گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لیں ہم تیار ہیں، تین غلاموں کے اکٹھے ہونے سے عوام کا غم و غصہ بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اتحادی حکومت بنانی پڑی تو اپوزیشن کروں گا، گزشتہ دور میں بھی کمزور حکومت ہونے کی وجہ سے بلیک میل ہونا پڑا، لاہور سے ایک عہدیدار براہ راست الیکشن میں مداخلت کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو فوج سے لڑے گا وہ ملک دشمن ہو گا ہم فوج کو کمزور نہیں کر سکتے، جو فوج کے خلاف تھے آج وہ حکومت میں بیٹھے ہیں اور ہمیں غدار کہا جا رہا ہے، بزدار کو وزیر اعلیٰ اس لیے بنایا کہ وہ کرپشن نہ کرے۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی کے اندر اختلافات تھے پارٹی دو تین حصوں میں تقسیم تھی، پرویز الٰہی، علیم خان اور علیم پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ تسلیم کرنے کو تیار نہ تھے، آج محبِ وطن صحافیوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی نے شریف خاندان کے انتقام کے ڈر سے ہمارا ساتھ نہیں دیا، نواز شریف نے پہلے زاتی ملازم کو وزیر اعلیٰ بنایا پھر اپنے بھائی کو پنجاب دے دیا، میں بھی چاہتا تو صوبوں کے پیسوں سے لوگوں کو خرید لیتا جیسے سندھ حکومت کے پیسوں سے لوٹے خریدے گئے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ اب ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی تیاری کر رہے ہیں اب اس پر عوامی ردِ عمل آئے گا، اگر ضمنی انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو یہ ملک کا نقصان ہو گا۔