کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کی تین بچیوں اور ان کی والدہ کی لاشیں ملی ہیں۔
کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود شمسی سوسائٹی کے ایک گھر میں پر تشدد واقعات میں 3 بچیوں اور ان کی والدہ کو قتل کردیا گیا جب کہ ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کا خاندان اس علاقے میں پہلی منزل پر کرائے پر مقیم تھا، گھر سے 3 بچیوں اور ایک خاتون کی خون میں لت پت لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ گھر سے ایک مرد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا کہ فواد کی جان بچ سکے گی یا نہیں، فواد کا آپریشن چند گھنٹے مزیدجاری رہ سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، علاقہ مکینوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جب کہ اطراف میں لگے کیمروں کی بھی فوٹیج حاصل کی جائے گی۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کورنگی ساجد امیر سدوزئی کے مطابق شمسی سوسائٹی کا واقعہ مقتول خاندان کا اندرونی معاملہ ہے جس میں مبینہ طور پر زخمی ہونے والا شخص ہی چار افراد کے قتل کا ملزم ہے۔
ساجد امیر سدوزئی کے مطابق مقتولین میں ملزم فواد کی اہلیہ اور اس کی تین بچیاں شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فواد نے بیرون ملک مقیم اپنے بھائی کو ویڈیو کال پر بتایا کہ وہ فیملی کوقتل کرنے جارہا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرون ملک موجود بھائی نے کراچی میں موجود بھائی کو اس حوالے سے آگاہ کیا جس نے اپنی اہلیہ کو فون کرکے اطلاع دی، خاتون کے پہچنے تک فواد کارروائی کرچکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچیاں اسکول سے آکر سو رہیں تھیں،فواد کی اہلیہ کے جسم کے مختلف حصوں پر زخم تھے۔