اسلام آباد: ملک میں مسلسل بدلتی سیاسی صورت حال کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اسی ماہ پاکستان واپس آنے کا امکان ہے۔
ذرائع مسلم لیگ (ن) کے مطابق مریم نواز اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا بھی نواز شریف کے ہمراہ اسی ماہ ملک واپس آنے کا امکان ہے۔
ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف سے یہ بات طے ہوئی کہ اگلے ہفتے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں تمام سیاسی فیصلے کیے جائیں گے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ پہلے مریم نواز وطن واپس آئیں گی اور جب ملک میں عام انتخابات کی مہم ہوگی تو اس کی قیادت کرنے کیلئے نواز شریف بھی واپس آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آئینی بحران پیداہوسکتا ہے کیوں کہ عمران خان کی حکومت نے خود یہ فیصلہ کیا تھا کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے، اب یہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے کہ جب نئی مردم شماری کا عمل جاری ہو تو اس وقت پوری اسمبلی اور عام انتخابات پرانی مردم شماری کے تحت ہوسکتے ہیں یا نہیں؟