بلاول بھٹو زرداری نے اپنی منگنی اور شادی کی تردید کردی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں اپنی منگنی اور جلد شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام تر افواہوں کی تردید کی ہے

بلاول بھٹو زرداری نے ایک مختصر ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے وضاحت کی کہ ان سے منسوب تمام خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی بات پکی بھی کروا دی، منگنی بھی کروا دی اور شادی بھی رچا دی ہے، جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔

اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جب بھی ان کی زندگی میں کوئی اتنا اہم اور بڑا موڑ آئے گا يا فیصلہ ہوگا، تو اس کا باضابطہ اعلان ان کا خاندان خود کرے گا۔ اس لیے عوام کو کسی بھی غیر تصدیق شدہ خبر پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبریں تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری کی بات پکی ہو چکی ہے اور ان کی منگنی یا شادی کی تقریب جلد منعقد ہونے جا رہی ہے۔ ان افواہوں نے عوامی اور سیاسی حلقوں میں کافی توجہ حاصل کر لی تھی اور مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

Comments (0)
Add Comment