لاہور؛ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی پالیسیوں اور انتظامی رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں حقیقی ترقیاتی کاموں کے بجائے صرف نمائشی اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کا معاملہ مسلسل بگڑتا جا رہا ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں تشویشناک حد تک تیزی آ رہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور نامساعد حالات کی وجہ سے نوجوان نسل شدید مایوس ہو کر ملک چھوڑ رہی ہے، جس سے برین ڈرین میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انکم ٹیکس کا تمام تر بوجھ صرف تنخواہ دار طبقے پر ڈالا جا رہا ہے، ٹیکسوں کی بھرمار سے غریب عوام پس رہے ہیں اور ہر شعبے میں کرپشن نمایاں نظر آ رہی ہے۔
راولپنڈی انتظامیہ کے رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ راولپنڈی میں ان کا جلسہ عام اور تاجروں سے ملاقات طے ہے، لیکن انتظامیہ ہتھکنڈوں سے باز نہیں آ رہی اور لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریزاں ہے۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر انتظامیہ نے اپنا رویہ نہ بدلا اور لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ دی تو جماعت اسلامی راولپنڈی اور اسلام آباد کی اہم سڑکوں پر دھرنا دے گی، جس کے تمام تر نتائج کی ذمہ دار حکومت اور انتظامیہ خود ہو گی۔