اسلام آباد کے علاقے ڈھوک کالو میں اراضی کے تنازع پر مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد شديد زخمی ہو گئے۔
ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے اس دلخراش واقعے میں گولیاں ایک ہی خاندان کے افراد یعنی باپ، دو بھائیوں اور ان کے ایک کزن کو لگیں۔ واردات انجام دینے کے بعد ملزمان فوری طور پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ہمک اسلام آباد کی پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کو تحویل میں لے کر مرنے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو اپنی نگرانی میں ہسپتال منتقل کیا۔ طبی ذرائع کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصي ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔