لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے مغلپورہ میں تہرے قتل کی دل دہلا دینے والی واردات میں بھانجے نے اپنے ماموں، ممانی اور کزن کو قتل کردیا۔
مقتولین میں ثاقب، مریم اور 15 سالہ عبداللہ شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم شان نے تینوں کو چھری کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جائیداد کے تنازع پر ملزم نے تینوں قتل کیے اور ملزم کی ماں نے خودپولیس کو اطلاع دی کہ اس کے بیٹے نے قتل کردیے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سول لائنز اویس شفیق سمیت پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکےقتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ ایس ایچ او مغلپورہ اور انچارج انویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔