قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے آغاز ہوگیا ہے۔
قطرکے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب ہوئی۔
افتتاحی تقریب میں عربی ثقافت کے رنگ پیش کیےگئے، افتتاحی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل ایک ویڈیو میں سمندر کے اندر، وہیل اور شارک مچھلیوں کو تیرتے دکھایا گیا، تقریب کے آغاز پر اُونٹ اور فنکار وں نے رقص کیا۔
روایتی رقص کے دوران شامل تمام 32 ممالک کے جھنڈے لہرائے گئے، رنگا رنگ تقریب میں فٹبال ورلڈکپ میسکاٹس کی بھی نمائش کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں خصوصی عربی لڑکا توجہ کا مرکز بن گیا۔
کورین گلوکار اور بی ٹی ایس رکن جنگ کک آواز کا جادو جگایا، امریکی گروپ بلیک آئیڈپیز کی پرفارمنس توجہ کا مرکز بنی رہی، انگلش گلوکار روبی ولیمز نے سروں کے تال میل سے جوش دلایا۔
فرانس کے1998 ورلڈکپ ونر ٹیم کےرکن مارسے ڈیسیلے نے فیفا ٹرافی کی رونمائی کی۔
بھارتی پرفارمر نورا فتیحی نے بھی پرفارم کیا، میزبان قطر میں سربراہان مملکت کو شرکت کی دعوت دی گئی
قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ورلڈکپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فٹبال ورلڈکپ ایونٹ نے آج تمام قومیتوں، عقیدوں کو ایک جگہ جمع کر دیا، قطر اور عرب دنیا کی طرف سے ورلڈکپ 2022 میں سب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے امیر شیخ محمدبن راشد المکتوم اور مصری صدر عبد الفتاح السيسی سمیت دیگر عالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
امیر قطر کے خطاب کے بعد آتش بازی کا بھی مظاہر ہ کیا گیا اور مختصر مگر پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی ۔