سندھ میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلنے کے منڈلاتے خدشات کے باعث ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے بیماری اور موت کی آنے والی ‘دوسری تباہی’ سے خبردار کردیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ انتباہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قوم سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بچوں کی خوراک اور کمبل عطیہ کرنے کی اپیل کے بعد سامنے آیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے مخیر افراد پر زور دیا کہ وہ زندگیاں بچانے اور سیلاب زدگان کو مزید مصائب سے بچانے کے لیے کھلے دل سے امداد کرتے رہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کی سپلائی معطل ہے جس کی وجہ سے لوگ غیر محفوظ پانی پینے پر مجبور ہیں جو ہیضہ اور دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ گندا پانی مچھروں کی افزائش گاہ کا بن جاتا ہے اور ملیریا، ڈینگی جیسی ویکٹر سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیلاتا ہے۔