دبئی: ایشیا کپ ٹی 20 کے فائنل میں سری لنکا کے 171 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے جبکہ بابر اعظم اور فخر زمان پویلین لوٹ گئے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے فیصلہ کن معرکے میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر داسن شناکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان اننگز
قومی ٹیم کی جانب سے 171 رنز ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، بابر اعظم ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، فخر زمان صفر پر کلین بولڈ ہوگئے۔
سری لنکا اننگز
آئی لینڈرز کی جانب سے نسانکا اور کوشال مینڈس نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینڈس کو صفر پر کلین بولڈ کردیا، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر نسانکا تھے جو کہ 8 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔
حارث رؤف کی ان سوئنگ کو دنوشکا گوناتھیلاکا مکمل طور پر سمجھنے میں ناکام رہے اور صرف 1 رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے، دھننجایا ڈی سلوا نے 28 رنز بنائے اور افتخار احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ کپتان داسن شناکا صرف 2 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے، ہاسارنگا 1 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 36 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد سری لنکا کے مڈل آرڈر نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا جبکہ قومی ٹیم کے فیلڈرز کی جانب سے بھی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کا فائدہ راجہ پاکسا نے خوب اٹھایا، انہوں نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، چمیکا کرونارتنے 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور نسیم شاہ سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، نسیم شاہ نے 4 اوورز میں 40 اور محمد حسنین نے 41 رنز دیئے، نسیم نے 1 جبکہ حسنین نے کوئی وکٹ حاصل نہ کی۔
حارث رؤف نے سب سے زیادہ 3 وکٹ حاصل کی، شاداب خان اور افتخار احمد نے 1،1 کھلاڑی کی پویلین کی راہ دکھائی۔
اس طرح آئی لینڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔