لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کو شکست دینے کے بعد شارجہ سٹیڈیم میں ہونے والے افغان تماشائیوں کے جھگڑے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) میں سخت موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میچ ختم ہونے کے بعد افغانستان کے شائقین نے سٹینڈز کے اندر موجود پاکستانی شائقین پر حملہ کر دیا، اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
اس واقعے کے بعد پی سی بی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اس معاملے کو اجاگر کرنے کے لیے آئی سی سی اور اے سی سی کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ہم آئی سی سی کو خط بھی لکھیں گے، آواز اٹھائیں گے اور ہمارے بس میں جو بھی ہوا کریں گے، یہ واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، ہار جیت ہوتی ہے، ہمیں اپنے جذبات پر قابو رکھنا چاہیے، ہم اپنے شائقین کا خیال رکھتے ہیں اور اس طرح سے کچھ بھی ہوسکتا تھا اور ہماری کرکٹ ٹیم کو بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔