پاکستان افغانستان سےریاستی سطح پر مذاکرات کے لیے تیار ہے: ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام تر تح تحفظات کے باوجود ریاستی اور ادارہ جاتی سطح پر مذاکرات کے لیے مکمل آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے افغان ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے مداخلت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور دوحہ فریم ورک کی پاسداری کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال نہ ہو۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو اپنی سرزمین پر موجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسے پاکستان مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مؤثر سرحدی انتظامی امور (بارڈر مینجمنٹ) اور قابلِ تصدیق انسدادِ دہشت گردی اقدامات کا خواہش مند ہے، اور مذاکراتی عمل میں صرف الفاظ کے بجائے عمل اور نتائج پر مبنی پیشرفت کو اہمیت دیتا ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور امن و امان قائم رکھا جا سکے۔

Comments (0)
Add Comment