عمران خان کے زخموں کی فوٹیج پہلی بار منظر عام پر آگئی

لاہور: قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے زخم بدستور ٹھیک نہ ہوئے۔

شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا اور گولیاں لگنے کے زخموں کی فوٹیج پہلی بار منظر عام پر آگئی۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان کو دائیں ٹانگ پر گولیوں کے تین زخم آئے، دائیں ٹانگ کی ران پر دو زخم جبکہ گھٹنے کے پاس ایک زخم آیا۔

ڈاکٹرز نے زخموں کا معائنہ کرنے کے بعد نئی پٹی کر دی، ڈاکٹرز عمران خان کا طبی معائنہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کے زخم بدستور گہرے ہیں مندمل نہیں ہوئے، عمران خان کے زخم ٹھیک ہونے میں مزید کچھ وقت لگے گا۔

دریں اثنا اپنے ٹوئٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ناانصافی پر غیر جانب دار رہنے والے معاشروں کو کسی نعمت کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔

عمران خان نے غیر جانب داری کے حوالے سے تنقیدی ٹویٹ کیا ہے جس میں انہوں نے اشعار بھی ٹویٹ کیے ہیں۔

عمران خان نے کہا ہے کہ یہ اشعار ان انسانی معاشروں کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو ناانصافی اور اخلاقی اقدار کی تنزلی کا سامنا کرتے ہوئے غیر جانب دار رہتے ہیں۔ ایسے معاشرے کو اللہ تعالیٰ سے کسی نعمت کی امید نہیں رکھنی چاہیے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف میں اچھائی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کی ہدایت کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment