پنجاب حکومت نے سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈاپور اور مقبول گجر کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کردی۔
صوبائی وزیرداخلہ عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور مقبول گجر پنجاب میں پُرتشدد کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں اسلئے ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پُرامن،صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا اور بدامنی پھیلانے والوں سے قانون آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔ مزید کہا کہ تحریک انصاف کے مسلح جتھے اپنی سازش میں ناکام ہوں گے۔
صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی شکست دیکھ کرلوگوں کو بدامنی پر اکسارہی ہے اور دھاندلی کاالزام لگانے والے اب افسران کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔
ضمنی الیکشن کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب ضمنی الیکشن کے دوران کسی کو اسلحہ رکھنےکی اجازت نہیں، اسلحے کی نمائش پر دفعہ144کا نفاذ عمل میں لایا جاچکا ہے۔