آرمی چیف کی جلد قرض کیلئے امریکا سے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا سے پاکستان کیلئے قرض کی رقم جلد جاری کرنے کیلئے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کیلئے تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی فوری فراہمی کیلئے دباؤ ڈالے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گفتگو میں وائٹ ہاؤس سے اپیل کی گئی کہ آئی ایم ایف کے 1.2 ارب ڈالر کے قرضے کا پراسس تیز کیا جائے۔

واضح رہےکہ آئی ایم ایف نے 13 جولائی کو پاکستان کے ساتھ ’اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری‘ دی تھی۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت وزیراعظم شہباز شریف بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا تاہم پاکستان اور آئی ایم ایف کے معاہدے کے باوجود پاکستان کو اب تک قرض کی رقم فراہم نہیں کی گئی ہے۔

دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی کمانڈر سینٹ کام کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، باہمی دلچسپی اور علاقائی استحکام، دفاعی، سیکیورٹی تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا، امریکی کمانڈر سینٹکام نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا، علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امریکہ کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کثیر نوعیت کے تعلقات چاہتے ہیں۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات ہوئی، باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار اور چینی سفیر کی ملاقات میں سی پیک پر ترقیاتی کاموں اور علاقائی سلامتی پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اپنی تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کا منتظر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

Comments (0)
Add Comment