چھوٹے کاشت کاروں کو مفت سولر پاور دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینداروں اور چھوٹے کاشت کاروں کو مفت سولر پاور دیں گے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے پنجاب میں صحافیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا عزم ظاہر کرتےہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر پریس کلب بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے علاج کے لیے بھی سہولیات دیں گے، جو بھی پریس کلب کے رکن ہیں، ان کے لیے آپریشن مفت کریں گے، عمران خان کی صحت کارڈ اسکلیم بھی صحیح جارہی ہے اور فوری طور پر علاج شروع ہوگا اور ہسپتالوں کو لکھ کر دیں گے۔

سیلاب متاثرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جو ٹیلی تھون کی تھی اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ڈھائی ارب روپے جمع ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ جو ایپ بنائی گئی ہے اس میں بے گھر اور غریبوں کو 40 فیصد رعایت ملے گی، ہرزمیندار اور چھوٹے کاشت کار کو سولر پینل دینے کی ہدایت کی ہے کیونکہ شہباز شریف اور مفتاح اسمٰعیل کی کوششوں سے یہاں بجلی ٹھیک تو ہونی نہیں، اس لیے ان لوگوں کو سولر پینل مفت دے دیں۔

Comments (0)
Add Comment