پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ساری قوم میرے ساتھ کھڑی ہے کہ ان چوروں کو کبھی پاکستان کا آرمی چیف منتخب نہیں کرنا چاہیے۔
چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ میری قوم نے سیلاب زدگان کے لیے 3 ٹیلی تھون سے 14 ارب روپے دیئے، پاکستانی قوم کو جب یقین ہوجائے کہ ان کا پیسہ صحیح جگہ خرچ ہوگا تو ان سے زیادہ کھلے دل کے لوگ ملک بھر میں نہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج سندھیوں کے حالات بہت برے ہیں لیکن شہباز شریف کی بے حسی دیکھیں کہ وہ بیرون ملک کے دورے کررہے ہیں، اقوام متحدہ میں انہیں کون سا بڑا معرکہ مارنا ہے، دوسری طرف 14 سال سے پیپلز پارٹی کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی منہ اٹھا کر بیرون ملک چلا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف ملک میں شوبازیاں کرتے رہے، اشتہاروں میں پنجاب کی ترقی دکھاتے رہے، پاکستان میں اتنا بڑا سانحہ ہوا لیکن دنیا پیسے نہیں دے رہی کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اس ملک میں سازش کے تحت ڈاکوؤں اور چوروں کو اقتدار پر بٹھادیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ ہمیں اچھائی کا ساتھ دینے اور برائی کے خلاف کھڑے ہونے کا حکم دیتا ہے۔ بیرونی سازش کے تحت جب ہماری حکومت گرائی گئی تو انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ عمران خان کسی اسٹیبلشمنٹ کی نرسری میں نہیں پالا گیا، 22 سال محنت کے بعد یہاں تک پہنچا، کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا، جب تک مجھ میں خون ہے ان کا مقابلہ کروں گا، کبھی ہار نہیں مانوں گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کا کہنے والوں نے 5 ماہ میں عوام پر مہنگائی کا عدذاب نازل کیا ہے۔ ہمارے زمانے میں بجلی 16 روپے فی یونٹ تھی اور اب 36 روپے فی یونٹ ہوگئی ہے۔ ٹیکس کو شامل کیا جائے تو ایک یونٹ 50 روپے کا ہوجاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مسلط کرنے والے ہر اس غدار سے سوال پوچھتا ہو کہ قوم انہیں معاف نہیں کرے گی اور اللہ بھی معاف نہیں کرے گا، غریب کی تکلیف پر کوئی معاف نہیں کرے گا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے کہا کہ آّرمی چیف کی سلیکشن میرٹ پر ہونی چاہیے، آصف زرداری اور نواز شریف کبھی کسی کو میرٹ پر منتخب نہیں کرسکتے، انہیں اپنے خاندان کے علاوہ کچھ نظر ہی نہیں آتا۔ بلاول کا اعتزاز احسن سے کوئی مقابلہ نہیں، اگر میرٹ ہوتا تو بلاول یا آصف زرداری نہیں بلکہ اعتزاز احسن پارٹی چیئرمین ہوتا۔ کہاں چوہدری نثار جیسا منجھا ہوا سیاستدان اور کہاں مریم جسے مسلم لیگ (ن) کی شہزادی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جن کی کرپشن پر کتابیں چھپی ہیں کیا قوم ایسا شخص آرمی چیف کی تقرری کرے گا۔ نواز شریف جھوٹ بول کر بیرون ملک گئے، وہ مفرور ہے، کیا ایسا شخص آرمی چیف کی تقرری کرے گا۔