لاہور : تحریک انصاف کے رہنما وسینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ میری اہلیہ کے ساتھ زاتی ویڈیو بناکر میری بیٹی کو بھیجی گئی وڈیو سے خاوند و بیوی کا تقدس پامال کیا گیا
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ میری اہلیہ کے ساتھ میری ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے میری بیٹی کو بھیجی گئیں۔ بیٹی نے کہا کہ جب آپ کوئٹہ گئے تھے یہ اس کی ویڈیو ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ ایک بیٹی جب اپنے باپ کو کہے یہ ویڈیو آپ کی اور ماں کی ہے تو سوچیں اس باپ پر کیا گزرے گی، صادق سنجرانی تم نے سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز میں میرے قیام کا انتظام کیا تھا اور مجھ سے کہا تھا چونکہ سپریم کورٹ کا کوئی جج اس وقت کوئٹہ میں موجود نہیں تو آپ لاجز میں رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ درندے و کالی بھیڑیں جو اس کام پر مامور ہیں کہ اگر کسی شخص کی کوئی کرپشن یا غیر اخلاقی چیز نہیں مل رہی تو اس کی بیوی کے ساتھ ویڈیو نکال لو۔ میرا کیا قصور ہے جو ویڈیو سامنے لائی گئی، خاوند و بیوی کا تقدس پامال کیا گیا، سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کب انصاف ملے گا۔ خود کشی نہیں کرسکتا لیکن اس ملک میں رہ کر ظلم کا مقابلہ کروں گا۔