لاہور: متحدہ عرب امارات کے صدرمحمد بن زید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے کے دوران رحیم یار خان پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف اور متعدد وزراء نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے شیخ محمد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات رحیم یار خان میں ہوئی جہاں یو اے ای کے صدر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر پنجاب کے شہر رحیم یار خان پہنچے تھے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدرمحمد بن زید النہیان کی رحیم یار خان میں انتہائی پرتپاک اور برادرانہ ماحول میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای کے صدر محمد بن زید النہیان وزیراعظم کا ہاتھ تھام کر اپنے جہاز میں لے گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کرائی جبکہ شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی۔
ذرئع کے مطابق صدر یو اے ای نے رحیم یار خان آنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں صدر یو اے ای نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد بن زید النہیان نے شہباز شریف کو کہا کہ آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔