سعودی عرب کے وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی درخواست پر مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی کے جرم میں قید تمام پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے واقعے پرگرفتار پاکستانیوں کی رہائی اور درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی۔
سعودی ولی عہد نے مسجد نبویﷺ میں ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔
اس پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطاء فرمائے۔
خیال رہے کہ مدینہ منورہ کی عدالت نے 3 پاکستانیوں کو 8 سال اور 3 کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
مسجد نبویﷺ کی توہین کا جرم ثابت ہونے پر سعودی حکام نے 6 پاکستانیوں کو سزائیں سنا دیں
اس کے علاوہ ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی 3 سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیاگیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسجد نبویﷺ میں وفاقی وزرا کی موجودگی کے موقع پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا جہاں کچھ افراد نے چور چور کےنعرے لگائے تھے۔