مظفر آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 75 سال سے لاکھوں مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت کا یہ ظلم اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا، کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور طاقت پیدا کرنا ہوگی۔
یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آج ہمارے معاشرے میں تقسیم در تقسیم پیدا ہوچکی ہے، معاشرے میں تقسیم درتقسیم افسوسناک ہے، جب کسی قوم میں اتفاق و اتحاد پیدا ہوتا تو وہ اپنے اہداف آسانی سے حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرکی وادی بے گناہ مسلمانوں کےخون سے سرخ ہوگئی، 75سال میں کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا، بھارت نےمقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کررکھا ہے، کشمیر کی وادی بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگ گئی ہے، مودی نے 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی، کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور طاقت پیدا کرنا ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر یقیناً بھارت پریشان ہوگا، کشمیریوں کی قربانیاں ضرور لائیں گی۔