اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور رہنماؤں کا جڑواں شہروں میں احتجاج ، ٹائر جلا کر اہم راستوںٍ کو مکمل طور پر بلا ک کردیا ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر آگئے، لاہور اور پشاور موٹروے سمیت متعدد سڑکیں ٹائر جلا کر بلاک کر دیں۔
گلزار قائد ایئرپورٹ روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے سڑک بلاک کردی گاڑیوں کا رش لگ گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے علامہ اقبال پارک کے باہر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مری روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، سڑک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
پی ٹی آئی کا آئی جے پی روڈ پر احتجاج صوبائی وزیر راجہ بشارت کی سربراہی میں جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کے آئی جے پی سے اسلام آباد جانے والی سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ اسی طرح پیروھادائی پر بھی مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردئیے ہیں۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کر دئیے ہیں، اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کر دئیے گئے ہیں، وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے اور ایئر پورٹ کے راستے کھلے رکھے جائیں۔