وزیراعظم شہباز شریف کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات
سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ریاض میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ملاقات کے لیے قصر یمامہ پہنچے تو سعودی ولی عہد نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے دوستانہ ماحول میں دوطرفہ تعلقات اورانہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد اور پاکستانی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات،دوطرفہ تعاون کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ
دینے کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستانی وفد میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر شامل ہیں۔
قبل ازیں پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا تھا کہ ’میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں۔‘
عالمی معیشت کی موجودہ حالت اضطراب پر قابو پانے اور نئی راہیں استوار کرنے کے لیے نئی سوچ اور جرات مندانہ وژن کی ضرورت ہے۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری پر مشاورت کریں گے۔‘