ملک میں گندم کاکوئی بحران پیدا نہیں ہوگا:طارق چیمہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں، ہمارے پاس وافر سٹریٹجک ذخائر موجود ہیں، کسی قسم کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا۔

 قومی اسمبلی میں سید حسین طارق اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ کچھ ایسے معاملات ہیں جن پر ہر وقت کام جاری ہوتا ہے۔ قطعاً پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ملک میں گندم کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔ ہمارے پاس گندم کا اتنا ذخیرہ موجود ہے جس کی وجہ سے کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو بیجوں کی فہرست ہے وہ ہمیں سندھ اور بلوچستان نے تجویز کئے ہیں۔

پنجاب نے وفاق سے 10لاکھ ٹن گندم مانگ لی

قبل ازیں  نکتہ اعتراض پر سید حسین طارق نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سب نے دیکھی ہے، لاکھوں ایکڑ زمین اب بھی پانی کے نیچے ہے، وہاں کاشتکاری نہیں ہو سکتی، وفاقی اور سندھ حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے مگر زراعت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ملیریا اور دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ مویشیوں میں بھی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوراک اور غذائی تحفظ کا مسئلہ بھی سامنے آرہا ہے۔ اس سال گندم کی کاشت کے ایریا میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔ اس صورتحال کے تناظر میں ہمیں غذائی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔ ہمیں پیداوار میں اضافے کے لئے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔ اس وقت 30 فیصد خوراک کی ضروریات ہم اپنی زراعت سے پوری نہیں کر سکتے۔

Comments (0)
Add Comment